منگل 1 ستمبر 2026 - 11:54
شیخ ابراہیم زکزاکی: مسلمانوں کا اتحاد عزت و اقتدار کی بحالی کا ذریعہ ہے

حوزہ/ نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما شیخ ابراہیم زکزاکی نے امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کا اتحاد ہی ان کی عزت، طاقت اور اقتدار کی بحالی کا راستہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیخ ابراہیم زکزاکی نے نائیجیریا کے مختلف علاقوں سے آنے والے بڑی تعداد میں مسلمانوں کے اجتماع سے خطاب کیا۔ یہ تقریب جشنِ میلادِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ہفتۂ وحدتِ مسلمین کی مناسبت سے ابوجا میں منعقد ہوئی۔

شیخ زکزاکی نے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اعلیٰ اخلاق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے حسنِ اخلاق کے ذریعے دشمنوں پر غلبہ حاصل کیا۔ انہوں نے رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عفو و درگزر، مہربانی اور رحمت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان لوگوں کو بھی معاف کیا جنہوں نے آپ کو اذیت پہنچائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امتِ مسلمہ کے لیے بہترین اخلاق اور نیک کردار کا نمونہ اور معیار ہونے چاہئیں۔

نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما نے مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج مسلمانوں کو درپیش کمزوری اور پسماندگی کا ایک اہم سبب ان کا باہمی انتشار اور تفرقہ ہے۔

انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اسلام کے مفاد میں متحد اور منظم ہوں۔ ان کے بقول، مسلمانوں کا اتحاد ان کی عزت و اقتدار کو دوبارہ بحال کرسکتا ہے، جبکہ اسلام کے دشمن ایسا نہیں چاہتے کیونکہ مسلمانوں کے درمیان اختلافات سے انہی کو فائدہ پہنچتا ہے۔

شیخ زکزاکی نے امتِ مسلمہ کے مستقبل کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی موجودہ صورتِ حال ہمیشہ برقرار نہیں رہے گی، دین مضبوط و مستحکم ہوگا اور ان شاء اللہ امتِ مسلمہ کی طاقت اور عزت دوبارہ بحال ہوگی۔

واضح رہے کہ یہ تقریب ابوجا میں ہفتۂ وحدتِ، رسولِ گرامی اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر منعقد ہوئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha